وزارت کا حلف لینے کے بعد وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیاست اور اختلافات سے قطع نظرہمیں صرف اورصرف ملک کاسوچنا ہے۔ وعدے پورے کرنےکیلئے پہلےدن سے ہی کام شروع کر دیں گے۔
وزارت کا حلف اٹھانےکےبعد غیررسمی گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود اوراین اے 117کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وطن عزیز کی بہتری اور لوگوں کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی حکومت کے ساتھ مل کر مسائل حل کرے گی ۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی بہتری اور عام آدمی کو ریلیف ہمارے لئے اہم ترین ٹاسک ہے ۔ عبدالعلیم خان نےامت مسلمہ کو رحمتوں اور برکتوں والے ماہ صیام کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس ماہ مقدس میں مستحق اور غریب افراد کا خاص طور پر خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ظلم و ستم کا شکار فلسطینی ان دنوں خوراک اور پناہ کی تلاش میں ہیں ۔ وفاقی وزیر نے دعا کی کہ اس مبارک مہینے کے صدقے اللہ تعالیٰ فلسطینیوں کی مشکلات دور فرمائے ۔