ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا عدالتی حکم کالعدم قرار دے دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے علی امین گنڈاپور کی اپیل پر سماعت کی، وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دیا۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی،عدالت کا کہنا تھا کہ متعلقہ عملے نے عدالتی نوٹسز کی تعمیل کرائی نہ نوٹس ملزم کو موصول ہوئے، ملزم کے خلاف دفعہ87اور 88 کی کارروائی ختم کی جاتی ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار50 ہزار روپے کے مچلکے اور ایک مقامی ضامن دے، عدالت نے کیس واپس ٹرائل کورٹ کو بھجوادیا، مزید سماعت14 مارچ تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں اسلحہ اور شراب برآمدگی کا مقدمہ درج ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ نے مسلسل عدم پیشی پر علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دیا تھا۔