پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نےاور پاکستان میں چینی سفیر نے جدید ترین حیدر ٹینک کی نقاب کشائی کر دی۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا میں پاک فوج کےجدید ترین حیدر ٹینک کی نقاب کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے حیدر ٹینک پائلٹ پروجیکٹ کی رول آؤٹ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ چین کے سفیر اور چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔چیئرمین ہیوی انڈسٹریزٹیکسلانےآرمی چیف جنرل عاصم منیرکااستقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حیدر ٹینک ایچ آئی ٹی اور چینی کمپنی کے اشتراک سے تیار کیا گیا اور یہ ٹینک جدید ترین ٹیکنالوجی اور متاثرکن جنگی صلاحیت کا حامل ہے۔جس میں زبردست فائر پاور ، تحفظ اور تدبیر کی خصوصیات شامل ہیں۔
تقریب کے دوران ٹینک کی پرفارمنس دیکھ کر سبھی دنگ رہ گئے ۔جو پاکستانی دفاعی صنعت کی اختراع میں بہترین کارکردگی اور انتھک جستجو کا ثبوت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو حیدر ٹینک کی تکنیکی صلاحیتوں اور اسلحے میں ملکی ترقی کے حصول میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا ۔ جنرل سید عاصم منیر نے ہیوی انڈسٹریل کمپلیکس میں دیگر مینوفیکچرنگ سہولیات کا بھی دورہ کیا اور ایک اور تکنیکی سنگ میل کے حصول میں افسران اور افرادی قوت کے عزم کو سراہا ۔