ایف آئی اے نے پشاور کے چوک یادگار میں کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرکے لاکھ روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی برآمد کرلی۔
غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ اور غیر قانونی لین دین کرنیوالوں کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان کے مطابق پشاور کے چوک یادگار میں کارروائی کرکے حوالہ ہنڈی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جن سے بھاری مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 27 لاکھ روپے، 4300 سعودی ریال، ایک ہزار افغانی اور 740 قطری ریال برآمد کئے گئے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمہ درجہ کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان امریکی ڈالر غیرمعمولی طور پر مہنگا ہونے کے بعد غیرقانونی منی ایکسیچنج اور کرنسی کا کاروبار کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں کا آغاز کیا گیا تھا، رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں ڈالر اوپن مارکیٹ میں 330 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔