مسلم لیگ نواز کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کو تسلیم کرلیا ہے اور ان کے ارکان کا حلف اٹھانا، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر اور وزیراعظم کا الیکشن لڑنا اس بات کا ثبوت ہے۔
سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے وزیراعظم بننے میں کوئی شبے والی بات نہیں، وہ بھی سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی طرح بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پہلے کی طرح آج بھی ایوان میں شور شرابہ کرے گی، انہیں چاہئے کہ فساد اور انتشار کے بجائے مسائل کے حل کیلئے ایوان میں مثبت کردار ادا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے محمود اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی محمود اچکزئی اور پرویز الٰہی کے بارے میں نازیبا کلمات ادا کیا کرتے تھے، ان سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ جو بھی بات کریں اس کے الٹ کام کریں گے، یو ٹرن لینا تو بانی پی ٹی آئی کا ہی شیوہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اتنی نالائق ہے کہ 2 سال میں پارٹی الیکشن کرا کے اپنا انتخابی نشان بھی نہیں بچا سکی، جو جماعت اپنی مخصوص نشستیں بچانے کیلئے بھی صحیح فیصلے نہ کرسکے اس کے حوالے پاکستان کیسے کیا جاسکتا ہے، جو اپنی جماعت صحیح طریقے سے نہیں چلا سکتے وہ ملک کو کیا چلائیں گے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے دوست آج شہباز شریف کو ووٹ دیں گے، جے یو آئی سے مثبت بات چیت رہی ، نوازشریف نے تمام تحفظات دور کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پوری امید ہے کہ مستقبل میں جمعیت علماء اسلام ہمارے ساتھ مل کر چلے گی۔