وزارت مذہبی امور نے پاکستانی حجاج کیلئے مختصر دورانیے کا حج متعارف کروانے کا اعلان کردیا۔
مولانا عبدالغفورحیدری کی زیرصدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی مذہبی امور کے اجلاس میں نگران وفاقی وزیر مذمبی امور نے کہا کہ مختصردورانیہ کا حج 18 سے 20 دن پر مشتمل ہوگا۔
نگران وفاقی وزیرمذہبی امور انیق احمد کا کہنا تھا کہ مختصرحج کا فیصلہ حجاج کرام خود کریں گے۔ چئیرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ مختصر حج کا دورانیہ 18 سےلےکر 30 دن تک کیا جائے، جس پر انیق احمد نے کہا کہ اس تجویز پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں متوسط اور غریب طبقات سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد اگر روزگار کی تلاش کے علاوہ بیرونِ ملک سفر کرتی ہے تو اکثر اس کا مقصد حج اور عمرہ جیسے مذہبی فرائض کی ادائیگی ہوتی ہے۔
یہ لوگ پائی پائی جوڑ کر برسوں اس سفر کے لیے رقم جمع کرتے ہیں لیکن ملکی کرنسی کی قدر میں کمی اور مہنگائی کی وجہ سے ہر برس اس میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان میں حج کے اخراجات اب اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ غربا تو ایک طرف یہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والوں کی پہنچ سے بھی باہر جا چکے ہیں۔
سنہ 2020 میں پاکستان سے حج کے فریضے کی ادائیگی کے لیے جانے والے افراد سے حکومت نے پانچ لاکھ روپے فی کس کے لگ بھگ رقم لی تھی جو 2022 میں سات لاکھ دس ہزار روپےتک جا پہنچی اور رواں برس اس مد میں 12 لاکھ روپے کے قریب وصول کیے گئے۔