بعض لوگ پیسے بچانے یا بجٹ کی قلت کی وجہ سے پرانی گاڑی خریدنا چاہتے ہیں۔ نئی گاڑی کا بجٹ دستیاب نہ ہونے پر بھی پرانی گاڑی کا سہارا لیا جاتا ہے۔ مارکیٹ سے سیکنڈ ہینڈ گاڑی خریدتے ہوئے ایسا کیا کریں کہ گاڑی بھی ٹھیک مل جائے اور دھوکہ دہی یا فراڈ کا سامنا بھی نہ کرنا پڑے؟
جلدی مت کریں
آپ گاڑی خریدنے نکلے ہیں اور پیسے آپ کی جیب میں ہیں تو ظاہری بات ہے آپ کی کوشش ہو گی کہ جلد از جلد اچھی گاڑی کی چابیاں آپ کے ہاتھ میں ہوں۔ اس جلدی سے آپ کے علاوہ اس ڈیل میں ہر انسان فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اگر بیچنے والا جلدی میں ہے تو اور بھی زیادہ محتاط ہو جائیں۔
درجہ ذیل نکات کے علاوہ بھی کوئی تسلی چاہتے ہیں تو وہ کریں، اس کے بعد سودا کریں۔ اچھی گاڑی خریدنے میں بعض اوقات ڈیڑھ دو مہینے بھی لگ جاتے ہیں۔
لالچ سے پرہیز
ہم کوئی بھی سودا کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پیسہ بچانا چاہتے ہیں۔ گاڑی خریدتے ہوئے لالچ سے پرہیز کریں۔ آن لائن کوئی بھی آفر جو گاڑی کی مارکیٹ پرائس سے کافی کم ہو اسے ہتھیا لینے کے چکر میں نہ پڑیں۔ ایسے کسی بھی اشتہار میں قیمت کم اسی لیے رکھی جاتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ توجہ حاصل کریں اور قیمت کی وجہ سے گاڑی کے کسی بھی نقص کی طرف کم سے کم دھیان دیں۔
ٹوکن
آن لائن گاڑی خریدتے وقت آپ کو جلدی میں ڈال کر کوئی بھی شخص بیعانہ یا ٹوکن مانگ سکتا ہے جو اس بات کی زبانی ضمانت‘ ہوتا ہے کہ گاڑی آپ کو فروخت کی جائے گی۔ چونکہ یہ سارا لین دین زبان اور اعتبار کی بنیاد پر ہوتا ہے اس لیے قانونی طور پہ گاڑی آپ ہی کو بیچنا تو دور کی بات، اگر فروخت کنندہ آپ کا ٹوکن کھا بھی جائے تو آپ کچھ نہیں کر سکتے۔ اکثر مارکیٹ پرائس سے کافی کم قیمت کا اشتہار لگانے کے پیچھے یہ کہانی بھی ہوتی ہے۔
کیش سودا مت کریں
پیسے کیش دینے کے بعد قانونی طور پہ آپ کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہوتا کہ آپ نے گاڑی کے لیے کوئی رقم ادا کی ہے یا کوئی مالی ٹرانزیکشن وقوع پذیر ہوئی ہے۔ گاڑی اپنے نام کروانے میں ہفتوں لگ جاتے ہیں اور کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ اگلا بندہ گاڑی دینے سے ہی انکاری ہو جاتا ہے یا آپ کے نام کروانے پہ آسانی سے تیار نہیں ہوتا۔
ایکسائز کے دفتر خود جائیں
آن لائن کسی بھی گاڑی کی رجسٹریشن چیک کرنے کے لیے سرکاری ویب سائٹس موجود ہیں لیکن ضروری نہیں کہ وہاں گاڑی کلئیر ملے تو پیچھے اس کے کاغذات پر بھی کوئی اعتراض موجود نہ ہو۔ گاڑی کی فائل بلاک ہو سکتی ہے، وقت نکالیں، خود جائیں یا کسی قابل اعتبار شخص کو بھیج کر گاڑی کا مکمل صورت حال چیک کروائیں اور اس کے بعد گاڑی خریدیں۔
اوپن ٹرانسفر لیٹر
اوپن ٹرانسفر لیٹر یا گاڑی کے کاغذات میں موجود کسی بھی مسئلے کی صورت میں گاڑی جتنی مرضی سستی مل رہی ہو، مت خریدیں۔ اس صورت حال میں یہ کیس شوروم مالکان کے بس کا ہوتا ہے یا گاڑی بیچنے والے کے قریبی عزیزوں کا کیونکہ وہ اسے جانتے ہیں اور اعتبار کر کے گاڑی خرید سکتے ہیں۔
ٹیسٹ ڈرائیو
ٹیسٹ ڈرائیو وہ چیز ہے کہ جو نئی گاڑی خریدنے سے پہلے بھی کرنا ضروری ہے۔ کئی مسائل ایسے ہوتے ہیں جو صرف آپ کی ذات سے متعلق ہو سکتے ہیں جیسے قد زیادہ لمبا یا چھوٹا ہونے کی وجہ سے ایڈجسٹ ہونے کا مسئلہ یا کچھ بھی ایسا اور۔ اس کے علاوہ اگر آپ پہلے سے گاڑی چلا رہے ہیں تو کسی بھی گاڑی کی چال سے اس کے بارے میں آپ کافی بہتر اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اسے مینٹین رکھا گیا ہے یا خریدنے کے بعد آپ کو اس میں بہت سی چیزیں ٹھیک کروانی پڑیں گی۔