مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج (28 فروری کو) طلب کرلئے۔
ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت میاں نواز شریف کرینگے۔ نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کردی گئی۔ اجلاس میں شہباز شریف کو وزیراعظم نامزد کرنے کے فیصلے کی توثیق کی جائے گی۔ آج (28فروری) کو نو لیگ اور دیگر اتحادی جماعتوں کا اجلاس بھی ہوگا۔
نواز شریف پنجاب ہاؤس میں نومنتخب ارکان کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ اتحادی جماعتیں شہباز شریف کو وزیراعظم نامزد کرنے کے فیصلے کی تائید کرینگی۔ اجلاس میں انتیس فروری کو قومی اسمبلی کے اجلاس کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
دوسری طرف سنی اتحاد کونسل نے بھی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اسی روز طلب کیا ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں سنی اتحاد کونسل میں شامل ارکان کی حکمت عملی کیا ہوگی فیصلہ پارلیمانی پارٹی کرے گی۔ ابتدائی طور پر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس دوپہر بارہ بجے کے قریب خیبر پختونخوا ہائوس میں بلایا گیا ہے۔
اجلاس میں اسد قیصر، عامر ڈوگر بیرسٹر گوہر، ریاض فتیانہ سمیت دیگر ارکان قومی اسمبلی شرکت کریں گے۔ قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کرنا ہے یا نہیں یا پھر بائیکاٹ کب کرنا ہے فیصلہ پارلیمانی پارٹی میں ہوگا ۔