ہری پور کی تحصیل خانپور کے علاقے بگراں کے قریب کوہالہ روڈ پر مسافر بس پہاڑی سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جا گری۔ جس کے نتیجے میں دس افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بس کھوئی ترناوہ سے راولپنڈی جارہی تھی کہ تیزرفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے حادثہ پیش آگیا۔جاں بحق افراد میں 3 مرد اور 2 خواتین جبکہ زخمیوں میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دس افراد کی لاشوں اور بیس سے زائد زخمیوں کو بس سے نکال کر ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیاگیا۔ جبکہ شدید زخمی افراد کو ٹائپ ڈی ہسپتال خانپور سے ٹراما سینٹر ہری پور منتقل کیا گیا ہے۔حادثے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر تنویر احمد کی ہدایت پر 5 ایمبولینس اور 1 ریسکیو وہیکل نے اس ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔
تنویر احمد کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 08 سے زائد افراد جاں بحق، 20 زخمی افراد کو ابتدائی طبّی امداد فراہم کرتے ہوئے ٹائپ ڈی ہسپتال خانپور منتقل کیا گیا جبکہ 10 سے زائد افراد کو موقع پر مکمل طبّی امداد فراہم کی گئی۔حادثے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی۔