مسلم لیگ نواز کے رہنما اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جو جماعتیں جیت کر پارلیمنٹ میں آئی ہیں ان کو مخصوص نشستیں ملیں گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے اپنی درخواستوں میں فریق نہیں بنایا، سیاسی جماعتوں نے بھی الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی، الیکشن کمیشن نے تمام درخواستیں یکجا کردی ہیں۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک طرف شور مچایا جاتا ہے فیصلہ نہیں کیا جاتا، دوسری طرف یہ خود الیکشن کمیشن سے التوا مانگتے ہیں، علی ظفر نے الیکشن کمیشن سے کل تک وقت مانگا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کو ایک بھی سیٹ نہیں ملی، ایک جماعت جس نے انتخاب میں حصہ نہیں لیا وہ کہتی ہے مخصوص سیٹیں دی جائیں
لازمی پڑھیں۔ مخصوص نشستوں کے فیصلے سے پہلے قومی اسمبلی کا اجلاس غیرقانونی ہوگا، بیرسٹر گوہر
انہوں نے مزید کہا کہ مخصوص نشستوں پر قانونی پوزیشن واضح ہے ، جو جماعتیں جیت کر پارلیمنٹ آئی ہیں ان کو مخصوص نشستیں ملیں گی۔
عطاء تارڑ
اس موقع پر ن لیگی رہنما عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے بغیر سوچے سمجھے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کرلیا، پی ٹی آئی آئین کو پامال کر کے مخصوص نشستیں حاصل کرنا چاہتی ہے، ان کا اپنا قصور ہے جس کی وجہ سے بلے کا نشان لیا گیا، آئین و قانون کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کراتے تو نشان نہ لیا جاتا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل نے مقررہ وقت میں فہرست جمع کرائی ہوتی تو بات تھی، ہمیشہ کی طرح پی ٹی آئی آئین کی پامالی کی کوشش کر رہی ہے، آپ قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، آپ کی جماعت پارلیمان میں موجود ہی نہیں ہے۔