شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی شکیل شفقت شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
یاد رہے کہ ہفتہ کے روز سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے علاقے میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا جس کے دوران فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران 21 سالہ سپاہی شکیل شفقت شہید ہوگیا تھا جس کا تعلق ضلع خانیوال کے علاقے کیبر والا سے تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق میر علی میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی شکیل شفقت شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی شہر کبیر والا میں ادا کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید سپاہی شکیل شفقت کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
نماز جنازہ میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی و سول افسران، عزیز و اقارب اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔