پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ کسی کو دین کے نام پر انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
اسلام آباد میں نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں ابہام دور کر کے انتشار پیدا کرنے والوں کو روکا جائے، شر پھیلانے والوں کو بتانا چاہتا ہوں یہ قانونی معاملہ ہے، ہر چیز ہمارےآئین ، قانون اور دستورمیں موجود ہے۔
طاہراشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور مسالک کے ماننے والوں کا ملک ہے، کسی کو مقدسات کا نام لے کر انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، ہمارے سپہ سالار بھی حافظ قرآن ہیں، کیسے ممکن ہے پاکستان میں کوئی تحریف قرآن کی اجازت دے؟۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے معاملے کو سیاسی تناظر میں استعمال کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان نبی کریمﷺ سے محبت رکھتا ہے، عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کا معاملہ ہے۔