ملک بھر میں 8 فروری کو ہونےو الے عام انتخابات کےبعد حکومت سازی کیلئے دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں کئی روز کے مذاکرات کے بعد شراکت اقتدار کا فارمولا طے پاگیا ۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نےپارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے ملاقات کی ، جس میں حکومت سازی کے معاملے میں آگے بڑھنے پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان شراکت اقتدار کا فارمولا طے پاگیا جس کے مطابق صدر آصف زرداری ہوں گے، چیئرمین سینیٹ کا عہدہ پیپلز پارٹی کے پاس ہوگا، وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ مسلم لیگ ن کے پاس ہوگا ۔
اس سے قبل صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی مری میں قائد نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار اور رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی شریک ہوئے، جہاں ن لیگ رابطہ کمیٹی کے پیپلز پارٹی کیساتھ مذاکرات پر بریفنگ دی گئی۔