لاہور قلندرز کے بیٹر جہانداد خان نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف دنیا کے بہترین باؤلر ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے ایڈیشن 9 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے بیٹر جہانداد خان کا کہنا تھا کہ آج کوچز اور مینجمنٹ کی طرف سے پلان ملا تھا جس پر پورا اترا، شاہین بھائی نے کہا تھا کہ جاؤ اور چھکے مارو۔
لازمی پڑھیں۔ خواجہ نافع نے بابر اور روہت شرما کو پسندیدہ کھلاڑی قرار دے دیا
یاد رہے کہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پی ایس ایل کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز کی جانب سے جہانداد خان نے جارحانہ 45 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور ان کی 17 گیندوں پر مشتمل اننگ میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
نوجوان بیٹر کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف دنیا کے بہترین باؤلرہیں اور ایک دو پرفارمنسز سے فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ راشد خان کو بہت مس کررہے ہیں، ان کی کمی محسوس ہورہی ہے، فیلڈنگ پر کام کررہے ہیں کوشش ہوگی اگلے میچوں میں بہتر کریں۔