کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹر خواجہ نافع نے بابر اعظم اور روہت شرما کو پسندیدہ کھلاڑی قرار دے دیا۔
یاد رہے کہ پیر کے روز پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹر خواجہ نافع نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
پی ایس ایل کے چوتھے میچ میں قلندرز نے گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لئے 188 رنز کا ہدف دیا تھا جو فاتح ٹیم نے آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر کے میچ میں پانچ وکٹوں سے کامیابی سمیٹی۔
فاتح ٹیم کی جانب سے خواجہ نافع نے ناقابل شکست 60 رنز کی اننگ کھیلی جس میں تین چھکے اور چار چوکے بھی شامل تھے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نافع کا کہنا تھا کہ میری کوشش تھی کہ جو پیچھے پریکٹس کی ہے اس کا فائدہ اٹھاؤں۔
انہوں نے بتایا کہ سرفراز احمد کافی سپورٹ کرتے ہیں اور رائیلی روسو سے بھی سپورٹ مل رہی ہے، میرے پسندیدہ کھلاڑی بابر اعظم اور روہت شرما ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صائم ایوب اور میں دونوں ایک ہی اکیڈمی میں پریکٹس کرتے ہیں، بڑے لیجنڈز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرکے اچھا محسوس ہوتا ہے۔