مجلس وحدت المسلمین ( ایم ڈبلیو ایم ) کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ ملک کے نوے فیصد لوگ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر اور سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ہم فرقہ واریت پھیلانے والوں کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔
علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں تحریک انصاف کے ورکرز نے ڈٹ جانے کی تاریخ رقم کی ، لوگوں کو خوف زدہ کرنے کے لیے ہتھکنڈے استعمال کیے گئے اور غیر آئینی طور پر الیکشن بھی التوا کا شکار کیا گیا۔
لازمی پڑھیں۔ این اے 46، 47 اور 48 سے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کو جیل میں ڈال کر جعلی کیسز بنائے گئے اور پی ٹی آئی سے ان کا انتخابی نشان بھی چھین لیا گیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پی ٹی آئی کے ساتھ بوجھ اٹھانے والے بنیں گے، ملک کے نوے فیصد لوگ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے قومی اور صوبائی سطح پر سنی اتحاد کونسل کے ساتھ اتحاد کا اعلان کر دیا ہے اور پی ٹی آئی کی حمایت سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے مجلس وحدت المسلمین کے ساتھ اتحاد پر بھی غور کیا جا رہا تھا۔