اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں قومی اسمبلی کے تینوں حلقوں این اے 46، 47 اور 48 سے امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز معطل کر دیئے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے وفاقی دارالحکومت کے تینوں حلقوں سے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق دو حلقوں میں مسلم لیگ ( ن ) اور ایک حلقہ میں آزاد امیدوار راجہ خرم نواز نے کامیابی سمیٹی تھی ۔
تاہم پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی جانب سے ان نوٹیفکیشنز کو چیلنج کر دیا گیا تھا۔
پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب طاہر نے وفاقی دارالحکومت کے حلقہ این اے 46، 47 اور 48 کی انتخابی عذرداری کے معاملے میں ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔
وکلاء کے دلائل کے بعد ہائیکورٹ نے این اے 46 سے مسلم لیگ ( ن ) کے امیدوار انجم عقیل، این اے 47 سے طارق فضل چوہدری اور این اے 48 سے خرم نواز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ اس افسر سے پوچھیں جس نے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا ، کون الیکشن کمیشن میں بیٹھ کر یہ کام کررہا ہے؟۔
یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت کے حلقہ این اے 46 سے ن لیگی امیدوار انجم عقیل خان اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد عامر مسعود مغل مدمقابل تھے جبکہ این اے 47 سے ن لیگی امیدوار طارق فضل چوہدری اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شعیب شاہین کے درمیان مقابلہ تھا۔
این اے 48 سے آزاد امیدوار راجا خرم نواز اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید محمد علی بخاری مد مقابل تھے۔