تحریک انصاف نے عمرایوب کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عمرایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا، ایک سے 2 روز میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائیں گے۔ امید ہے قومی اسمبلی میں وزیراعظم ہمارا آئے گا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وفاق میں اسپیکر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پر بات نہیں ہوئی جبکہ اسپیکر خیبرپختونخوا سمبلی کےلیے عاقب اللہ کو نامزد کیا گیا۔
احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پورے ملک میں احتجاجی تحریک شروع کرے گی، آج شام تک باقاعدہ تاریخ دے دیں گے۔ پورے ملک میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان، اےاین پی، قومی وطن پارٹی، دیگر پارٹیاں احتجاج کررہی ہیں، مجھے تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا کہا گیا ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین الیکشن ہوا ہے۔ عالمی سطح پر بھی اس الیکشن کو کوئی نہیں مان رہا۔
اسد قیصر نے کہا کہ الیکشن میں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، پہلی بار بغیر کسی شرم کے دھاندلی کی گئی، اس دھاندلی کو کوئی قبول نہیں کرے گا، یہ عوام کے مسائل حل کرسکتے ہیں نہ دنیا میں نمائندگی کرسکتے ہیں۔ پاکستان میں عوام کا بنیادی جمہوری حق چوری ہورہا ہے۔