پاکستان پیپلز پارٹی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران بلاول بھٹو زرداری الیکشن میں امیدواروں اور کارکنوں پر ہونے والے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے ۔
سماء نیوز کو ذرائع نے بتایا سی ای سی کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکنان کو تشدد کیاگیا،پی پی پی کا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ سندھ کے اراکین نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم کو وزارتیں ملیں تو کراچی میں دشواریاں ہوں گی ،آصف علی زرداری نے جواب دیا کہ پہلےایم کیو ایم کے پاس رہیں اُنہوں نے کیا کیا تھا؟ اجلاس میں آصف زرداری نے ارکان کی آراء سننے کے بعد فیصلوں سےآگاہ کیا۔
سی ای سی کے اجلاس میں بتایاگیا کہ ن لیگ سےڈیل ہوگئی، تمام آئینی عہدے پیپلز پارٹی کو دیئےجائیں گے، صدر کیلئےپیپلز پارٹی اپنا امیدوار نامزد کرے گی،آصف علی صدر کے لئے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار ہوں گے،چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ بھی پیپلز پارٹی کے پاس ہوگا، پیپلز پارٹی چاروں صوبوں میں گورنرز کے عہدے بھی طلب کر ے گی، بیوروکریسی میں سرکاری افسران کی تعیناتی میں بھی پیپلز پارٹی کی مشاورت شامل ہوگی۔