کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے مختلف آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے برآمد بڑی تعداد میں اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 83 خفیہ آپریشنز کئے گئے، اس دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ، دھماکا خیز مواد و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کرلیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار مبینہ دہشت گردوں میں خورشید، عبدالرشید، عرفان اللہ، لقمان خان، وحید خان، رضوان اللہ، محمد عامر، شیخ محمد، عامر اسماعیل، محمد رحمان، واجد رمضان، الہام الدین اور محمد اسامہ شامل ہیں، جن کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان، داعش، تحریک جعفریہ پاکستان اور لشکر جھنگوی سے ہے۔
رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کی گرفتاری راولپنڈی، اٹک، بہاولنگر، لاہور، جہلم، شیخوپورہ اور بہاولپور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران عمل میں آئیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے تقریباً 5 کلو دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی بم، ڈیٹونیٹرز، حفاظتی فیوز وائر، پرائما کارڈز، پستول اور گولیاں، ایس ایم جی رائفل اور 80 گولیاں، کالعدم تنظیم کے پمفلٹس، اسٹیکرز، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں نے حساس مقامات پر تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ دہشت گردانہ کارروائی میں اہم تنصیبات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے، گرفتار دہشت گردوں کیخلاف 8 ایف آئی آر درج کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ رواں ہفتے مقامی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی مدد سے سی ٹی ڈی پنجاب نے 625 کومبنگ آپریشنز کئے، ان دوران 105 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے 101 ایف آئی آر درج کی گئیں۔