خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کو چاردن گزرگئے ہیں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد منتخب ہونے والے لوگوں میں سے ایسے کئی نام سامنے آرہے ہیں جو اگلی مدت کے لئے صوبے کے وزیراعلی ہوسکتے ہیں ان میں پارٹی کے صوبائی صدرعلی امین گنڈاپور، سابق سپیکر مشتاق غنی، سابق صوبائی وزیر عاطف خان اور دیگر کے نام آرہے ہیں۔
تحریک انصاف کے اندرونی الگ الگ ذرائع نے اس بات کا دعوی کیا ہے کہ اس وقت پارٹی کے اندر نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر کئی متوازی گروپ اپنا اپنا امیدوار لانے کے لئے کوشاں ہیں ان گروپوں کا تعلق علی امین گنڈاپور، سابق سپیکر اسد قیصر اور مشتاق غنی کے حمایت یافتہ لوگوں سے ہے جو چاہتے ہیں کہ ان کے ہاں سے وزیراعلیٰ منتخب کیا جائے ۔
اب تک کی معلومات کے مطابق جو نام سامنے آئے ہیں ان میں سابق وفاقی وزیر اور صوبائی صدر علی امین گنڈاپور، سابق سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی، سابق صوبائی وزیر عاطف خان، شکیل خان وغیرہ کا نام شامل ہیں۔
تاہم پارٹی کے ایک سینئر ترین رہنما نے سما کو بتایا کہ جتنے نام سامنے آئے ہیں وہ زیرغور نہیں اور نہ ہی پارٹی کوئی اجلاس کرکے کسی نام کو حتمی شکل دے رہی ہے بلکہ وزیراعلی وہی شخص ہوگا جس کا نام پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کی طرف سے آئے گا۔