صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ اگر آج ای وی ایم ہوتی تو پاکستان بحران سے بچ جاتا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم (ایکس) پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اگر آج ای وی ایم ہوتی تو پاکستان اس بحران سے بچ جاتا کیونکہ ای وی ایم میں کاغذی بیلٹ تھے جنہیں ہاتھ سے گنا جا سکتا تھا۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں سادہ کیلکولیٹر سے ووٹ گننا ممکن تھا، ہرامیدوار کا رزلٹ پولنگ ختم ہونے کے5 منٹ کے اندر دستیاب ہوتا، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے لیے ہماری طویل جدوجہد یاد رکھیں، ہماری اس جدوجہد کو ناکام کیا گیا۔
واضح رہے کہ جمعرات 8 فروری کو پاکستان کے کروڑوں شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ملک کی قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں میں اپنے اپنے نمائندگان کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے۔ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی اور دو دن گزرجانے کے بعد بھی تاحال انتخابی نتائج کے اعلان کا سلسلہ جاری ہے۔