پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کی جانب سے بلوچستان کے مخلتف علاقوں میں صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں فلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک جنوری تا 6 فروری 2024 کے دوران ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے بلوچستان کے مخلتف علاقوں میں 21 مفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ میڈیکل کیمپس نوشکی، سبی، سوئی، ژوب، چمن، دکی، پشین، اور بولان کے دور دراز علاقوں میں لگائے گئے۔ میڈیکل کیمپس کا مقصد عوام کو انکی دہلیز پر مفت طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔
میڈیکل کیمپس میں کل 6786 سے زائد مریضوں کا مفت طبعی معائنہ کیا گیا اور مخلتف ٹیسٹس کی سہولیات کے ساتھ ادویات فراہم کی گئیں۔ ایف سی کی جانب سے بڑھتی سردی کے باعث ژوب، ڈیرہ بگٹی، سناری مٹ، سوئی، لوٹی زین، اور دکی کے ضرورت مند لوگوں میں گرم ملبوسات تقسیم کئے گئے اور مستحق خاندانوں میں راشن پیکجز تقسیم کیے گئے۔
ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے پچھلے ایک ماہ کے دوران مختلف اضلاع میں تعلیمی شعبے میں بھی گراں قدر خدمات سرانجام دی گئی۔ ضلع کوہلو کے علاقے تلانگو میں مقامی عمائدین اور رہائشیوں کے دیرینہ مطالبے پر ایک پرائمری اسکول کی تعمیر عمل میں لائی گئی۔ اسکول تلانگو، گورکانی اور غازی مرہ کے علاقوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرے گا۔ اسکول میں کلاسز کا آغاز کردیا گیا۔
ضلع مستونگ میں واقع گورنمنٹ بوائز پبلک اسکول مستونگ کے مرمتی کام کے بعد تزئین و آرائش کی گئی۔ اسکول کو ضروری فرنیچر فراہمی میں معاونت فراہم کی گئی۔ ضلع ہرنائی کے نواحی علاقے سپن تنگی میں واقع گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کو پی ایے ایکوپمنٹ فراہم کیا گیا۔ اسکول کے پلے گراؤنڈ کی تیاری میں بھی ایف سی کی جانب سے مکمل معاونت فراہم کی جارہی ہے۔
مقامی عمائدین نے طبی، تعلیمی اور فلاح و بہبود کے اقدامات کو خوش آئند قراردیا اور پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔