نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ پاک،ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ماڈل کسٹمر سروس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ایران سے سستی گیس اور پٹرول کی پیشکش موجود ہے جس پر غور کیا جا رہا ہے۔
محمد علی کا کہنا تھا کہ ڈالر اگر یونہی نیچے آتا رہا تو مستقبل میں پٹرول ، بجلی اور گیس کی قیمتیں کم ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن میں دس دنوں کے دوران ملک بھر سے 6 ارب روپے ریکور کیے گئے ہیں اور یہ مہم جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب بجلی اور گیس کی شکایات کا جلد ازد جلد ازالہ ہوگا، اس سال بھی سردیوں میں صرف کھانے پکانے کے اوقات میں گیس میسر ہوگی۔