پاک فوج کی ملک کے لئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ فوجی جوان ہر دم ملک کی حفاظت اور بقاء کےلیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار رہتے ہیں۔
پاکستان کی مٹی دفاع وطن میں جان قربان کرنے والے شہداء کے خون سے رنگی ہے امن دشمنوں نے جب بھی سرزمین پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر وطن کی پکار پر لبیک کہا۔ وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے خاندانوں کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
دفاع وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں میں سپاہی محمد ظاروف بھی شامل ہیں۔ پوری قوم اس بہادر بیٹے کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔
سپاہی محمد ظاروف نے نو دسمبر 2020 کو آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر جام شہادت نوش کیا۔ کلرسیداں سے تعلق رکھنے والے سپاہی محمد ظاروف شہید کے سوگواران میں والدہ، بیوہ، بچے اور بھائی شامل ہیں۔
سپاہی ظاروف شہید کے والدہ کا کہنا ہے کہ بیٹے نے بہت خوشی سے فوج میں بھرتی ہونے کی خبر سنائی تھی، ہمارے بچے وطن کی خاطر شہید ہوئے ہیں، شہداء کی ماؤں کو صبر سے کام لینا چاہیے۔ بیوہ سپاہی ظاروف شہید کا کہنا ہے کہ بیان نہیں کرسکتی کہ میرے خاوند کتنے اچھے انسان تھے۔
سپاہی محمد ظاروف شہید کے بھائی کا کہنا ہے کہ میرے بھائی بہت ہی خوش مزاج تھے، اللہ ہم باقی بھائیوں کو بھی شہادت نصیب کرے۔