رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ سیاسی مقاصد کےلیے لوگوں کے ذاتی زندگیوں میں جھانکا جارہا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف دوران عدت نکاح کیس کا فیصلہ آنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ یہ ایسا کیس ہے جس کا سر ہے نہ پیر، بانی پی ٹی آئی پر بے بنیاد اور غیراخلاقی الزامات لگائے گئے۔ ہمیں الیکشن سے باہر رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا مزید کہنا تھا کہ فیصلہ زبانی سنادیا گیا ابھی تک ہمیں کوئی کاپی نہیں ملی، فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائرکریں گے، امید ہے ہائیکورٹ سے انصاف ملے گا۔
واضح رہے کہ عدالت نے بانی و سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح غیر شرعی قرار دیتے ہوئے دونوں کو 7،7 سال قید کی سزا سنادی ہے۔
سینئر سول جج قدرت اللہ نے اڈیالہ جیل میں بانی و سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے غیر شرعی نکاح کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو 7،7 سال قید کی سزا سنادی گئی جبکہ دونوں پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔
عدالت نے غیر شرعی نکاح کا جرم ثابت ہونے پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔ عدالت مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر شرعی نکاح کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔