کنگز برج انویسٹمنٹ کے چیئرمین عمر ملک نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ (جولائی تا نومبر 2023ء) پاکستان سے چین کو اشیاء اور خدمات کی برآمد میں سالانہ بنیاد پر 39.44 فیصد اضافہ ہوا۔
چیئرمین کنگز برج انویسٹمنٹ عمر ملک نے ان خیالات کا اظہار چائنہ اکنامک نیٹ (سی ای این) سے گفتگو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی خدمات و مصنوعات کی چین کو برآمد میں اضافے کی بہت سی وجوہات ہیں، جن میں سے مارکیٹنگ اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ نمایاں ہیں۔
عمر ملک کا کہنا تھا کہ 5 روزہ چائنہ انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ ان سروسز (سی آئی ٹی ایف آئی ایس) نے پاکستانی کمپنیوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات کی نمائش کیلئے اسٹیج فراہم کیا، اس کے بعد پاکستان میں 2023ء انٹرنیشنل ٹیکسٹائل نمائش، فوڈ اینڈ ایگری ایکسپو اور حال ہی میں لاہور میں ہیلتھ کیئر و انجینئرنگ کانفرنس منعقد ہوئی،
انہوں نے کہا کہ ان تقریبات میں ہمیں اپنی پیداواری صلاحیت، معیار اور وسائل کو سامنے لانے کا موقع دیا گیا، یہ ایک مجموعہ تھا جس میں پاکستان نے اپنی صلاحیت کو اجاگر کیا۔
سی ای این نے چینی کسٹمز کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ مقدار اور قیمت کے اعتبار سے چین کو سب سے زیادہ برآمد کی جانیوالی چیز تل ہے، جولائی سے نومبر 2023ء تک چین کو 235.36 ملین امریکی ڈالر کے 134 ملین کلو گرام سے زائد تل کے بیج برآمد کئے گئے جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 480 فیصد زیادہ ہیں۔