غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، عمران خان نے کہا میں اور بشریٰ بی بی قرآن پر حلف لینے کو تیار ہیں، خاور مانیکا بھی حلف لے۔ عدالت نے کہا کہ حلف لینے کے بعد آپ کا حق جرح ختم ہوجائے گا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم حلف بھی لیں گے جرح بھی کریںگے۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے غیر شرعی نکاح سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا میں اور بشریٰ بی بی قرآن پر حلف کیلئے تیار ہیں، خاور مانیکا بھی حلف لے، بشریٰ بی بی کو نکاح کے دن دیکھا، قرآن لائیں، حلف دینے کو تیار ہوں۔
جس پر خاور مانیکا نے جواب دیا کہ تم جھوٹ بول رہے ہو خدا سے ڈرو میرا گھر برباد کیا تم نے۔ بانی پی ٹی آئی نے عدالت سے قرآن پاک پر حلف لینے کی ضد کی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے کہا کہ حلف لینے کے بعد آپ کا حقِ جرح ختم ہوجائے گا۔
عدالت نے آرڈر لکھوایا کہ قرآن پاک پر حلف لینے کے بعد ملزمان کا حق جرح ختم ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہم حلف بھی لیں گے اور جرح بھی کریں گے۔
عدالت نے واضح کیا کہ آپ حلف نہیں لے سکتے آپ نے گواہ سے حلف لینے کی پیشکش کی ہے۔
کیس کی سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل بھی خاور مانیکا سے لڑ پڑے، وکیل نے خاور مانیکا کو مکا مارنے کی کوشش کی۔
خاور مانیکا کے بیان پر بشریٰ بی بی کے وکیل نے ساڑھے 5 گھنٹے طویل جرح کی۔ خاور مانیکا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ درست ہے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے تعلقات کا چشم دیدگواہ نہیں، یہ بھی درست ہے کہ فرح گوگی نے مجھ سے طلاق کی تاریخ تبدیل کرنے کا کہا۔
خاور مانیکا سے پوچھا گیا کہ تعلقات کے حوالے سے کیا کوئی ثبوت عدالت کے سامنے پیش کیا، جس پر جواب دیا گیا کہ میرے ملازم نے اس حوالے بیان عدالت میں ریکارڈ کرایا ہے۔ وکیل نے پوچھا کہ آپ کے علم میں ہے تعلقات کا الزام لگایا جائے تو اس کو کیسے ثابت کرنا ہے۔ جج نے وکیل کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ یہ سوال غیر متعلقہ ہے، عدالت نے غیرشرعی تعلقات دفعات کو ختم کردیا۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ہم حلف کیلئے تیار ہیں، خاور مانیکا سے قرآن پر حلف لیا جائے، خاور مانیکا نے قرآن پر ہاتھ رکھ کر حلف دینے کی پیشکش کو قبول کرلیا۔ جج نے کہا کہ خاور مانیکا اگر قرآن پر حلف دیتا ہے تو آپ کا جرح کا حق ختم ہوجائے گا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ خاور مانیکا پر جرح ضروری ہے۔
ایک موقع پر خاور مانیکا نے وکیل صفائی عثمان گل سے کہا کہ ایسے سوالات کررہے ہو جیسے ان پڑھ ہو، وکیل پی ٹی آئی ایکٹوسٹ بنے ہوئے ہیں۔ وکیل نے کہا کہ جرح کرنا میرا حق ہے۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ گواہ کو مکا مارنے کی کوشش کریں گے تو جرح کیسے چلے گی، ہم محبت سے چل رہے ہیں، سختی پر مجبور نہ کریں۔
عدالت کی عثمان گل کو جلد جرح مکمل کرنے کی ہدایت کی تو وکیل صفائی نے کہا کہ عدالت نہیں کہہ سکتی کے جرح 15 منٹ میں مکمل کریں۔ جج نے کہا کہ اگر آپ نے غیر متعلقہ سوالات کا سلسلہ جاری رکھا تو جرح کا حق ختم کردوں گا، جتنا وقت آپ کو جرح کیلئے دیا ہے اتنے میں 4 گواہوں پر جرح مکمل ہوسکتی تھی۔
خاور مانیکا نے جرح میں کہا کہ یہ درست ہے کہ دونوں کے تعلقات تھے، درست ہے 2018ء سے نومبر 2023ء تک جرم کی شکایت درج نہیں کرائی، یہ درست ہے اینٹی کرپشن مقدمے میں رہا ہونے کے 10 دن بعد شکایت فائل کی تاہم یہ غلط ہے کہ میں نے شکایت کسی کے کہنے پر فائل کی، یہ درست نہیں ہے بشریٰ بی بی نے عدت پوری کرنے کے بعد نکاح کیا۔