ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی اور پاکستانی شہریوں کے قتل میں ملوث ہے۔
جمعرات کے روز ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ایران میں پاکستانیوں کا قتل غیر انسانی ہے، پاکستان اور ایران نے اس عمل کی مذمت کی ہے، توقع ہے کہ ایران اس واقعے کی تحقیقات کے بعد پاکستان کو معلومات دے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان کو جن دہشت گرد عناصر سے خطرہ ہے وہ افغانستان میں چھپے ہیں، افغانستان کو اس حوالے سے ثبوت بھی فراہم کیے ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، پاکستان ان ممالک سے رابطے میں ہے جہاں سے بھارت پاکستان میں دہشت گردی کراتا رہا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ نے برسلز میں یورپی یونین عہدیداران سے اہم ملاقاتیں کی ہیں جبکہ سیکرٹری خارجہ نے بھارت کے پاکستانی شہریوں کی ہلاکت میں ملوث ہونے کے ثبوت فراہم کر دئیے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔