لاہور ہائیکورٹ نے لڑکی کے ساتھ زیادتی کے الزام میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے لڑکی کے ساتھ زیادتی کے ملزم کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی سماعت کی جس کے دوران ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نو ماہ سے جیل میں قید ہے، میڈیکل رپورٹس کے مطابق متاثرہ لڑکی سے زیادتی ثابت نہیں ہوئی ہے۔
مدعی کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ میڈیکل رپورٹس میں واضح لکھا گیا ہے کہ ملزم 12 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر بلیک میل کرتا رہا۔
وکیل نے استدعا کی کہ عدالت درخواست ضمانت مسترد کرے۔
بعدازاں، عدالت نے مدعی وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری مسترد کردی۔
ملزم کیخلاف ضلع قصور کے تھانہ مصطفٰی آباد پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔