پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔
جمعرات کے روز تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن کی جانب سے انٹراپارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق انتخابات کا انعقاد 5 فروری بروز پیر کو ہوگا۔
تحریک انصاف کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کے لئے صوبائی سطح پر الیکشن کمشنر بھی مقرر کر دیئے گئے ہیں۔
لازمی پڑھیں۔ توشہ خانہ ریفرنس کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید کی سزا
قاضی محمد انور کو خیبر پختونخواہ، ولید اقبال کو پنجاب، نورالحق قریشی کو سندھ، سید اقبال کو بلوچستان اور شاہ ناصر کو گلگت بلتستان کا الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔
چیف آرگنائزر تحریک انصاف عمر ایوب کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 31 جنوری 2024 تک رجسٹر تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہو گی جبکہ الیکشن میں حصہ لینے والے تمام پینلز کی تفصیل آفیشل ویب سائٹ اور رابطہ ایپلی کیشن پر دستیاب ہو گی اور رجسٹر ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
پارٹی ممبران اپنا ووٹ رابطہ ایپلی کیشن انٹرا پارٹی الیکشن ماڈیول کے ذریعے بھی ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔
پولنگ 5 فروری کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی، الیکشن کے مقامات اور اپیلٹ ٹریبونل کی تاریخ کا اعلان آج کیا جائے گا ، کاغذات نامزدگی آج اور کل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ یا ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکیں گے جبکہ کاغذات نامزدگی2 فروری کی رات 10 بجے تک جمع کروائے جا سکیں گے۔
امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی مرکزی اور صوبائی سیکرٹریٹس اور ڈیجیٹلی بذریعہ ای میل بھی جمع کرا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 3 فروری کو کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام فائنل پینلز کی فہرستیں 4 فروری کی شام 4 بجے ویب سائٹ پر شائع کی جائیں گی جبکہ انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری کو کیا جائے گا۔