محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقو ں میں آج سے 24 ستمبر تک موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں 22 سے 24 ستمبر تک بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہوائیں داخل ہو گئیں، ان سے سندھ میں کراچی، حیدر آباد سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ان تین دنوں میں سبی، قلات، لسبیلہ،کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد میں بھی بارش ہوگی، نشیبی علاقوں کے زیرآب آنے اور آندھی سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔
اس بارے میں محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر د ی ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز بارشوں کے باعث سجاول،عمر کوٹ اور تھرپارکر سمیت بعض نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہےکہ بارشوں کے باعث مری، گلیات،کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔واضح رہے کہ آج راولپنڈی اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، ایم ڈی واسا کے مطابق جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 30ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ایم ڈی واسا کے مطابق نشیبی علاقوں میں واسا کاعملہ مشینری کے ساتھ تعینات کر دیا گیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤمعمول کے مطابق ہے۔
ماہر موسمیات انجم ضیغم کا کہنا ہےکہ بارش برسانے والا سسٹم تقریبا شہر کراچی سےنکل چکا ہے، آج شہر جنوبی اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے
سمندری ہوائیں کل سے بحال ہونے کا امکان ہے