لاہور پولیس نے انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جانب سے ن لیگی آفس جلانے کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کی درخواست ضمانت منظوری کے بعد ایک اور مقدمے میں گرفتاری ڈال دی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں پی ٹی آئی رہنما اور لاہور سے امیدوار برائے قومی اسمبلی صنم جاوید کی درخواست ضمانت منظور کی تھی، انسداد دہشتگردی عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ فیصلہ سنادیا، صنم جاوید پر مسلم لیگ ن کا آفس جلانے کا مقدمہ تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے درج کیا تھا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت سے ن لیگی آفس جلانے کے مقدمے میں ضمانت منظوری کے بعد لاہور پولیس نے صنم جاوید کوتھانہ شادمان میں درج دہشتگردی کے مقدمے میں گرفتار کرلیا۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔ اس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا۔