الیکشن کمیشن آف پاکستان( ای سی پی ) نے ملک بھر میں 8 فروری کو شیڈول کی ادھوری پولنگ سیکم جاری کردی۔ جس میں 10 قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی پولنگ اسکیم شامل نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئیں۔الیکشن کمیشن نے انتخابی حلقوں سے متعلق پولنگ اسکیم جاری کردی ، جس کے مطابق اکیانوے ہزار آٹھ سو نو پولنگ اسٹیشنز پر دس لاکھ سات ہزار سے زائد عملہ فرائض سرانجام دے گا۔بارہ کروڑ پچاسی لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 91 ہزار 809 پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے، 96 ہزار 812 پریذائیڈنگ افسران ، 6 لاکھ 4 ہزار اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران جبکہ 3 لاکھ 7 ہزار پولنگ افسران خدمات دیں گے۔
پنجاب میں 51 ہزار 821 ،سندھ میں 19 ہزار 236،خیبرپختونخوا میں 15 ہزار 737 پولنگ اسٹیشنز بنیں گے۔ بلوچستان میں 5 ہزار 15 جبکہ اسلام آباد میں 990 پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے۔
پنجاب میں 5 لاکھ 26 ہزار 123، سندھ میں 2 لاکھ 64 ہزار ،خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ66ہزارپولنگ افسران تعینات ہوں گے۔بلوچستان میں 50 ہزار 491 جبکہ اسلام آباد میں 8 ہزار 704 پولنگ افسران خدمات انجام دیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار ہے۔مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار جبکہ خواتین ووٹرز 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار ہیں۔
پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 32 لاکھ، سندھ میں 2 کروڑ 69 لاکھ،کے پی میں 2 کروڑ 19 لاکھ جبکہ بلوچستان میں 53 لاکھ 71 ہزار 947 ووٹرز ہیں اور اسلام آباد میں 10 لاکھ 83 ہزار ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرینگے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب سے قومی اسمبلی کے 4جبکہ قومی اسمبلی کے4حلقوں کی پولنگ اسکیم جاری نہیں کی گئی۔ پنجاب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 51سے لے کر 54 تک پولنگ تفصیلات موجود نہیں۔ جبکہ این اے چھہتر بھی پولنگ اسکیم میں شامل نہیں۔
اسی طرح پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی10نشستوں کی پولنگ اسکیم بھی اس فہرست میں شامل نہیں۔ پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی چھ سے 11 تک بھی پولنگ اسکیم میں شامل نہیں۔