مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے ملک میں ایندھن کے ممکنہ بحران سے نمٹنے کےلیے قومی ایکشن پلان پرغور کیلئے ہنگامی اجلاس آج ہوگا۔ وزیراعظم شہبازشریف صدارت کریں گے۔ منظور ہونے والے لائحہ عمل کی توثیق کیلئے ای سی سی کا اجلاس بھی آج ہی ہوگا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے ہنگامی اجلاس میں قومی ایکشن پلان منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ منصوبے میں کورونا دورکے بچت اور کفایتی اقدامات دوبارہ نافذ کرنےکی تجویزدی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ہفتہ وار تعین ایجنڈے میں شامل ہے۔ پیٹرول ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی اوراسمگلنگ پرسخت کارروائی ہوگی۔ تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز، ورک فراہم ہوم اور محکمہ صحت کے سوا سرکاری دفاتر میں حاضری محدود رکھنےکی تجاویزہیں۔
کارپوریٹ سیکٹر سمیت نجی اداروں میں بھی ورک فرام ہوم سے متعلق سفارشات تیارکی گئی ہیں۔ تیل کی عالمی قیمتوں اورسپلائی کی صورت حال مسلسل مانیٹر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ایل این جی، ایل پی جی اور قدرتی گیس ترجیحی شعبوں کو فراہم کی جائے گی۔





















