بھارتی فضائیہ کا ایک جدید جنگی طیارہ سخوئی دوران پرواز ریاست آسام میں گر کر تباہ ہوگیا، بھارتی فضائیہ نے تصدیق کردی۔
بھارتی فضائیہ کا ایک جدید جنگی طیارہ سخوئی شمال مشرقی ریاست آسام میں پرواز کے بھرنے کے فوری بعد گرکر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے۔
بھارتی فضائیہ کے بیان کے مطابق طیارہ آسام کے جورہاٹ ایئربیس سے اڑا تھا اور اس کا آخری رابطہ شام 7 بج کر 42 منٹ پر ہوا۔ طیارہ آسام کے ضلع کاربی آنگلونگ کے فضائی علاقے میں پرواز کر رہا تھا جب اس کا رابطہ اچانک منقطع ہوگیا۔ طیارے کا رابطہ منقطع ہونے کے فوراً بعد طیارے کی تلاش کے لیے سرچ اور ریسکیو مشن شروع کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ سخوئی روسی ساختہ دو انجنوں والا جدید ملٹی رول جنگی طیارہ ہے جو بھارتی فضائیہ کے اہم ترین لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس جنگی جہاز کو فضائی و زمینی اہداف کے خلاف مختلف قسم کے مشنز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔






















