بنگلہ دیش پریمیئر لیگ ( بی پی ایل ) کی فرنچائز فارچوین باریشال کے مالک مزان رحمٰن نے شعیب ملک سے متعلق فکسنگ کے حوالے سے زیر گردش خبروں کو جھوٹی اور من گھڑت قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک بی پی ایل میں فارچوین باریشال کی نمائندگی کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کی جانب سے میچ کے دوران ایک اوور میں 3 نوبال کرانے پر میچ فکسنگ کا واویلا ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ شعیب ملک نے میچ فکسنگ سے متعلق الزامات پر خاموشی توڑ دی
بنگہ دیشی میڈیا کی جانب سے شعیب ملک پر میچ فکسنگ کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
تاہم، فرنچائز مالک نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شعیب ملک کے متعلق فکسنگ والی خبریں بے بنیاد ہیں ، شعیب بہت بڑے کھلاڑی ہیں، ایسی من گھڑت باتوں پر یقین نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں۔ شعیب شادی سے قبل شو میں شرکت کیلئے کیا شرط رکھتے تھے؟ حیران کن دعویٰ سامنے آگیا
مزان رحمٰن کا کہنا تھا کہ شعیب ملک ذاتی مصروفیات کی وجہ سے دبئی گئے ہیں لیکن ان کی جب ضرورت ہوگی وہ ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیشی میڈیا شعیب ملک سے متعلق من گھڑت اور جھوٹی خبریں چلا رہا ہے، ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ شعیب ملک نے فکسنگ کی ہے۔