جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے گزشتہ روز بحیرہ زرد ( ییلو سی ) میں کئی کروز میزائل فائر کئے جو جوہری ہتھیاروں سے لیس ریاست کی جانب سے کشیدگی بڑھانے کا تازہ ترین اقدام ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے جائنٹ چیفس آف سٹاف کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ ہماری فوج نے مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7 بجے شمالی کوریا کی جانب سے بحیرہ زرد میں داغے گئے میزائلوں کا پتا لگایا۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے شمالی کوریا کے کروز میزائل ٹیسٹ پر پابندی عائد نہیں کیونکہ یہ جیٹ سے چلتے اور جدید بیلسٹک میزائلوں کےمقابلے میں کم اونچائی پر سفر کرتے ہیں۔ادھر کئی گھنٹے بعد شمالی کوریا کے حکام نے بھی میزائل فائر کرنے کی تصدیق کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیانگ یانگ نے اپنے تیار کردہ سٹریٹجک کروز میزائلوں کی نئی قسم پلواسل 3-31 کا پہلا تجربہ کیا ہے،تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ تجربے کے دوران کتنے میزائل فائر کئے گئے ۔
شمالی کوریا نے نئے سال کے آغاز سے ہی ہتھیاروں کے تجربات میں اضافہ کر دیا ہے جن میں پانی کے اندر جوہری ہتھیاروں کا نظام اور ٹھوس ایندھن والے ہائپر سانک بیلسٹک میزائلوں کے ٹیسٹ بھی شامل ہیں۔ تازہ ترین لانچ اس وقت ہوئی ہے جب جنوبی کوریا اپنے مشرقی ساحل پر 10 روزہ خصوصی افواج کی دراندازی کی مشق کر رہا ہے۔