چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ 4 بار نہیں بلکہ مجھے صرف ایک بار موقع دیں، وعدہ ہے انتقام کی سیاست کو ختم کریں گے۔
چنیوٹ میں انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہیں صرف چوتھی بار کرسی پر بیٹھنے کی فکرہے، یہ لوگ صرف اپنے لیے سوچتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اس وقت جس مشکل میں ہو وہ سب کو معلوم ہے، ہمیں ایک تاریخی معاشی بحران سے گزررہے ہیں، ملک میں تیزی سے مہنگائی، بیروزگاری اور غربت بڑھتی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے معاشرے میں ایک بحران پیدا کیا گیا ہے، ہمارے پرانے سیاستدان نفرت،تقسیم کی سیاست کررہے ہیں، پرانے سیاستدانوں نے عوام کی خدمت کے بجائے ذاتی انتقام پر لگے ہیں، نفرت اور تقسیم کی سیاست کا نقصان ملک اور عوام کو ہورہا ہے، یہ الیکشن نفرت اورتقسیم کی سیاست کودفن کرنے کیلئے لڑرہا ہوں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عوام کا ساتھ چاہیے،تاکہ پرانی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کریں، ہمیں نئی سوچ اور نئی سیاست لیکر آنی پڑے گی، سیاست ذاتی دشمنی نہیں سیاسی اختلاف رائے ہوسکتا ہے۔ سیاست کو ہم ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کرسکتے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جانتا ہوں دنیا بھر میں پاکستان کیخلاف کیا کیا سازش ہورہی ہے، نفرت اور تقسیم کی سیاست سے پاکستان مخالف فائدہ اٹھائیں گے، موقع دیتے ہیں تو سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔