صدر استحکام پاکستان پارٹی کی این اے 117 میں شاندار انتخابی مہم جاری ہے، شاہدرہ کے عوام گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے ہمراہ نکل آئے، جگہ جگہ گل پاشی کی گئی، عبدالعلیم خان نے بیگم کوٹ میں مرکزی دفتر کا افتتاح کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت وقت ضائع ہوچکا، اب سیاست سے زیادہ ریاست کی فکر کرنا ہوگی۔
این اے 117 سے امیدوار صدر استحکام پاکستان پارٹی کی شاندار انتخابی مہم جاری ہے، ان کی ریلیوں کا جگہ جگہ پرتپاک استقبال کیا جارہا ہے، لوگ نعرے بازی اور گل پاشی کررہے ہیں۔
فرخ آباد میں خطاب کے دوران عبدالعلیم خان نے کہا اب شاہدرہ کے ہر شہری کو اُس کا حق ملے گا۔
شاہدرہ کے عوام گاڑیوں اور موٹر سائیکل سوار نوجوان ریلی میں شریک ہوئے، صدر آئی پی پی بیگم کوٹ، فرخ آباد، شیخوپورہ روڈ، شاہدرہ موڑ، امامیہ کالونی سے کالا خطائی روڈ پہنچے۔ عبدالعلیم خان کو روایتی پگڑیوں کا تحفہ پیش کیا گیا، انہوں نے بیگم کوٹ میں مرکزی دفتر کا افتتاح بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ این اے 117، شاہدرہ اور مضافات کے علاقوں میں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے، بروقت انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔
عبدالعلیم خان نے مختلف علاقوں میں خطاب کرتے ہوئے کہا مستحکم حکومت اہم ترین ضرورت ہے۔
تاجر برادری اور دکانداروں نے عبدالعلیم خان کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کردیا، پی پی 145 سے امیدوار سمیع اللہ کا کہنا تھا ہر ووٹر 8 فروری کو عقاب اور شیر کے حق میں فیصلہ دے گا۔