فیض آباد دھرنا کمیشن کو تحقیقات کیلئے مزید وقت مل گیا۔ سپریم کورٹ نے ایک ماہ کے اندر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے دھرنا کمیشن کو تحقیقات کیلئے ایک ماہ کا وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنے کے محرکات جاننے کیلئے قائم کمیشن کی مدت بڑھانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دھرنا کمیشن کے ٹی او آرز میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا جسے عدالت نے قبول کرلیا۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے بتایا کہ ہم نے دو متفرق درخواستیں دائر کی ہیں کمیشن کو مزید ایک ماہ کی توسیع دی گئی ہے، عدالتی استفسار پر جواب دیا کہ کمیشن 14 فروری کو اپنا کام مکمل کرلے گا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ٹھیک ہے کمیشن کام جاری رکھےْ
حکمنامے کے مطابق الیکشن کمیشن نے یکم نومبر 2023 کے حکم کے تناظر میں ٹی ایل پی کی رجسٹریشن اور فنڈنگ سے متعلق رپورٹ جمع کرائی۔ 11 جلدوں پر مشتمل عملدرآمد رپورٹ سربمہر لفافے میں جمع کرائی گئی ہے جس کا عدالت نے ابھی جائزہ نہیں لیا۔ جائزہ کے بعد ضروری ہوا تو مزید احکامات جاری کئے جائیں گے۔