سیکیورٹی خدشات کے باعث اسلام آباد کی 4 بڑی یونیورسٹیاں غیرمعینہ مدت تک کےلیے بند کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی خدشات پربحریہ، ائیر اور نیشنل ڈیفنس اور قائد اعظم یونیورسٹی کو بند کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے متعدد اسکولز کو بھی بند کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رات گئے اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کیا، جس کے بعد تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا۔ تھریٹ الرٹ کے مطابق اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کالعدم تنظیم کی جانب سے خودکش حملے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔
سیکیورٹی خدشات کی بنا پر شہر میں واقع متعدد نجی اسکولز بھی بند کردیے گئے تاہم سرکاری تعلیمی ادارے بند کرنے سے متعلق فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن تاحال کوئی فیصلہ نہیں کر پائی۔