مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ ابتداء میں ہی مسلم لیگ ن کیلئے بڑا بریک تھرو مل گیا، این اے 119 سے تحریک انصاف کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار مہر وسیم ہزاروں کارکنوں سمیت ن لیگ میں شامل ہوتے ہوئے الیکشن سے دستبردار ہوگئے۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مہر محمد وسیم نے مسلم لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز سے ساتھیوں کے ہمراہ ملاقات کرکے پی ٹی آئی چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کو رلانے کی خواہش رکھنے والوں کے پیدا کردہ مسائل کی وجہ سے آج پورا ملک رو رہا ہے۔
ماڈل ٹاؤن میں این اے 119 کی انتخابی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس حلقے میں رہنے والے ہر فرد اور گھرانے کی ترقی اولین ترجیح ہوگی، ہمارا ہر کارکن نواز شریف ہے۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹریٹ میں پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی خواتین کارکنان کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ قوم کی بیٹی مریم نواز نے بدترین سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا، اب عوام کو مسائل سے نجات دلانے کی جنگ لڑیں گی۔