مغربی عراق میں قائم الاسد ایئربیس پر میزائل حملے میں متعدد امریکی فوجی اہلکار زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے الزام عائد کیا کہ ایران کی حمایت یافتہ فورسز نے ہفتے کی شام کو بیلسٹک میزائلوں اور راکٹوں سے امریکی فوجیوں کی میزبانی کرنے والی الاسد ایئربیس کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق الاسد ایئربیس پر ہونے والے حملے میں ایک عراقی فوجی بھی زخمی ہوا ہے۔
دوسری جانب ائیربیس پر حملے کی ذمہ داری عراق میں موجود ’ اسلامی مزاحمت ‘ کہلوانے والے گروپ کی جانب سے قبول کی گئی ہے جس کے بارے میں واشنگٹن انسٹی ٹیوٹ فار نیئر ایسٹ پالیسی کا دعویٰ ہے کہ یہ گروپ 2023 کے آخر میں ابھرا اور عراق میں سرگرم کئی مسلح گروپوں پر مشتمل ہے۔
گروپ نے حالیہ ہفتوں میں امریکی افواج کے خلاف دیگر حملوں کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
امریکی فوج نے کہا کہ ہفتے کے روز داغے گئے زیادہ تر میزائلوں کو روک دیا گیا تھا لیکن کچھ نے فضائی دفاع سے بچ کر اڈے کو نشانہ بنایا اور حملے میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔