مسلم لیگ ن نے ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے سابق گورنرسردار مہتاب عباسی کو پارٹی سے نکال دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن ( پی ایم ایل این ) نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سابق گورنرسردار مہتاب عباسی کو پارٹی سے نکال دیا۔
مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نےنوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ جس کے مطابق ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے سردار مہتاب کی پارٹی رکنیت بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں لکھا گیا ہے کہ پارٹی ڈسپلن کی بار بار خلاف ورزیوں کے پیش نظر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نے سردار مہتاب احمد عباسی کو فوری طور پر ن لیگ سے نکال دیا ہے اور ان کی پارٹی رکنیت بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
گزشتہ ماہ پریس کانفرنس میں سردار مہتاب عباسی نے کہا تھا کہ سب مل کر بیٹھیں اور انتقام کی کارروائی بند ہونی چاہیے، میرے نواز شریف کے ساتھ اصولی اختلاف ہیں، مریم نواز سے کوئی اختلاف نہیں لیکن سیاسی جماعتوں میں جمہوریت ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ سردار مہتاب عباسی کو مسلم لیگ ن کی جانب سےحالیہ عام انتخابات میں ایبٹ آباد کے حلقے سے پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا جس کے بعد انہوں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا اور بعد ازاں تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت میں انتخابات سے دستبردار ہو گئے۔
خیال رہے کہ 30 سال تک نواز شریف کے قریب ترین رہنے والے سردار مہتاب عباسی نےپارٹی چھوڑنے سے قبل کہا تھا کہ ن لیگ خیبر پختونخوا میں باکل پٹ چکی ہے ، جس کی ساری ذمہ داری امیر مقام پر عائد ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خبریں سامنے آئی تھیں کہ مرتصیٰ جاوید عباسی کے مخالف پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار علی جدون کی حمایت سردار مہتاب عباسی نے کی تھی، مقامی تجزیہ کار اسے ن لیگ کیلئےبڑا دھچکا قرار دے رہے تھے۔