صدر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ آئی پی پی عام انتخابات 2024 میں بڑی تعداد میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی سیٹیں جیتے گی، انشااللہ اگلی حکومت میں آئی پی پی مرکزی پارٹی ہوگی۔
لاہور میں انتخابی مہم کے آغاز پر عبدالعلیم خان نے داتا دربار پر حاضری دی، میڈیا سے گفتگو میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے کہ جب بھی اچھے کام کا آغازکریں تو داتا دربار پر حاضری دیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے تقریباً50 امیدوار الیکشن لڑرہے ہیں، سندھ میں بھی اچھا مقابلہ ہوگا۔ پنجاب سے جوامیدوار ہیں وہ اپنے حلقوں سے پہلے بھی الیکشن لڑچکے، انشااللہ اگلی حکومت میں آئی پی پی مین پارٹی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے این اے117 شاہدرہ کے لوگ بھی مجھ سے محبت کریں گے، پی پی149 گڑھی شاہو سے 22سال سے سیاست کررہا ہوں۔ یہ علاقے وہی ہیں جہاں پچھلے50سال سے گھوم رہے ہیں۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا منشور آئیڈیل ہے، ہمارے پاس اپنے منشور کیلئے ایک جامع پلان ہے۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ملک میں غریب عوام کاجینا مشکل ہوگیا ہے، غریب پستا جارہا ہے،زندگی مشکل ہوتی جارہی ہے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے بلے کا نشان لیا گیا،اخلاقی طور پر ٹھیک نہیں ہوا تاہم قانونی طور پر جذبات عدالت کے باہر ہوتے ہیں، عدالت کے اندر جاکر دلیل اور وکالت کرنی پڑتی ہے، بتانا پڑتا ہے قانونی تقاضے پورے کیے تھے یا نہیں۔ قانونی تقاضے پورے نہیں کیے تو عدالت سے ریلیف نہیں لیا جاسکتا۔