انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں آج کاروبار کے اختتام پر کمی دیکھی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 12 پیسے سستا ہو کر 279 روپے 98 پیسے پر بند ہواجبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے سستا ہو نے کے بعد 280 روپے 80 پیسے پر فروخت ہو رہاہے ۔
پاک ایران کشیدگی کے دوران آج سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی، کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 364 پوائنٹس کم ہو کر 63 ہزار 202 پوائنٹس پر کم ہوا ۔ صبح کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 63 ہزار 567 پوائنٹس کی بلند ی پر تھا ۔
یاد رہے کہ آج صبح پاک فوج نے ایران کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر زور دار جواب دیتے ہوئے ایران میں پناہ گزین دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنای۔
پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایران کے اندر دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔ یہ دہشتگرد پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے آج صبح (18 جنوری 2024) کو ایران کے اندر ان ٹھکانوں کے خلاف مؤثر حملے کیے جو پاکستان میں حالیہ حملوں کے ذمہ دار دہشت گردوں کے زیر استعمال تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق درست حملے کلنگ ڈرونز، راکٹوں، بارودی سرنگوں اور اسٹینڈ آف ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے کیے گئے۔ کولیٹرل نقصان سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاط برتی گئی۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ نامی دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال ٹھکانوں کو انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، کوڈ نام 'مرگ بر سرمچار' تھا۔