لاہور کی مسیحی برادری نے بھی ملک بھرمیں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سےمسیحی برادری کے وفد کی پریسٹ فادر رضوان کی قیادت میں عبدالعلیم خان سے ملاقات کی ہے ۔ وفد میں نامزد اقلیتی ایم پی اے پیٹرکرامت، پاسٹر اسلم غوری، پاسٹرڈیوڈ پال، پاسٹر یوسف، فرانسس عرفان اور ایڈووکیٹ چوہدری کاشف شامل تھے۔جبکہ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر میاں خالد محمود اور شاہدرہ سے میاں جنید ذوالفقار بھی اجلاس میں موجود تھے ۔
ملاقات کے دوران مسیحی وفد کی جانب سے پریسٹ فادر رضوان نے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ مسیحی برادری عبدالعلیم خان کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے سو سترہ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی ایک سو انچاس میں بھرپور حصہ لے گی ۔ کیونکہ عبدالعلیم خان نے ہمیشہ اقلیتی بھائیوں کا ساتھ دیا اور ان کے مسائل حل کیے ۔
اس موقع پر صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری کی حمایت پر شکرگزار ہوں، اُنکی توقعات پر پورا اتریں گے ۔ معاشرے کے ہر طبقے کی مساوی ترقی اور خوشحالی کا مشن پورا کریں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کا پاکستان کی ترقی اور بہتری میں کلیدی کردار ہے ۔ تعلیم، صحت، دفاع اور اہم شعبوں میں کرسچین کمیونٹی کی یادگار اور تاریخی خدمات ہیں، گزشتہ بائیس برس کی سیاست کھلی کتاب ہے ہمیشہ لوگوں کی خدمت کو ترجیح دی ۔