اسٹار فٹبالر کریم بینزیما نے فرانس کے وزیر داخلہ کیخلاف شکایت درج کرادی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس کے وزیر داخلہ جیرالڈ ڈرمانا نے معروف فٹبالر کریم بنزیما پر اخوان المسلمون سے وابستگی کا الزام لگادیا۔
اے ایف پی کے مطابق بینزیما نے فرانسیسی وزیر داخلہ کیخلاف ایک شکایت درج کرادی، وکیل ہیوگس وِگیئر کے ذریعے درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ کے ریمارکس معروف کھلاڑی کی عزت اور ساکھ کو "کمزور" کرنے کے مترادف ہیں۔
کریم بنزیما نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اسرائیل پر سخت تنقید کرتے ہوئے غزہ کے حق میں ٹوئٹ کی تھی جس پر فرانس کے وزیر داخلہ نے انہیں اخوان المسلمون کا رکن کہا ہے۔
کریم بنزیما نے ایکس پر کہا ہے کہ ’ہماری دعائیں غزہ کے ساتھ جو وحشتناک بمباری کا شکار ہیں‘۔
اس پر وزیر داخلہ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بنزیما کے اس موقف کی وجہ یہ ہے کہ وہ اخوان سے وابستہ ہیں‘۔
کریم بنزیما نے کہا ہے کہ ’میرا اخوان سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی میں اخوان سے وابستہ کسی شخص کو جانتا ہوں‘۔