سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دے دی۔
درخواست کے مطابق ٹیرف مزید دو روپے فی یونٹ تک بڑھنے کا امکان ہے تاہم حتمی فیصلہ نیپرا میں ستائیس ستمبر کی سماعت کے بعد ہوگا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 82 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا ہے۔ درخواست اگست کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی۔ نیپرا اتھارٹی درخواست پر سماعت 27 ستمبر کو کرے گی۔
واضح رہے کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کو سمجھنے کے لیے ایکچوئل فیول کاسٹ ( ایک ماہ میں ایندھن پر آنے والی لاگت) اور ریفرنس فیول کاسٹ کا موازنہ کیا جاتا ہے۔
ہر مالی سال کے آغاز میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) ایک ریفرنس فیول کاسٹ دیتا ہے۔ یعنی ایک ایسا حوالہ جس سے ہر ماہ ایندھن پر آنے والی کل لاگت کا موازنہ کیا جا سکے۔
ایک مہینے میں بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے ایندھن کی کُل لاگت (باسکٹ فیول کاسٹ) دراصل ملک میں توانائی کے مختلف ذرائع میں استعمال ہونے والے ایندھن (جیسے کوئلہ، ایل این جی، فرنس آئل) پر آنے والی لاگت کے اعتبار سے نکالی جاتی ہے۔